اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، ہالینڈ کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 22 ستمبر سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں قائم صہیونی بستیوں میں تیار ہونے والی تمام مصنوعات کی درآمد، خرید و فروخت ممنوع ہوگی۔
وزارت خارجہ کے مطابق یہ فیصلہ بین الاقوامی قوانین کی پاسداری اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں قائم غیرقانونی صہیونی بستیوں کی سرگرمیوں میں کسی بھی قسم کی شراکت سے گریز کے مقصد کے تحت کیا گیا ہے۔
اس فیصلے کے بعد ہالینڈ ان یورپی ممالک میں شامل ہو گیا ہے جن میں آئرلینڈ، بیلجیم اور اسپین پہلے ہی صہیونی بستیوں کے ساتھ تجارتی سرگرمیوں پر مختلف پابندیاں عائد کر چکے ہیں۔
غزہ پر جاری اسرائیلی جنگ اور مقبوضہ مغربی کنارے میں صہیونی آبادکاروں کے بڑھتے ہوئے حملوں کے بعد یورپی یونین کے اندر بھی یہ مطالبات زور پکڑ رہے ہیں کہ صہیونی بستیوں کے ساتھ تجارت پر مشترکہ اور یکساں پابندیاں عائد کی جائیں۔
جون میں شائع ہونے والی تنظیم گلوبل ایکو کی رپورٹ کے مطابق، ہالینڈ صہیونی بستیوں میں پیدا ہونے والی زرعی مصنوعات کی بڑی منڈیوں میں شمار ہوتا تھا، جہاں ان مصنوعات کی تقریباً ایک تہائی برآمدات جاتی تھیں، جبکہ یورپی یونین کو ہونے والی مجموعی برآمدات کا تقریباً نصف حصہ بھی ہالینڈ کے ذریعے ہوتا تھا۔
آپ کا تبصرہ